راضیہ خاتون جمیلؔہ کی نعتیہ شاعری
راضیہ خاتون جمیلؔہ کی نعتیہ شاعری ( طفیل احمد مصباحی ) ایشیا کی عظیم خدا بخش لائبریری ، پٹنہ کے بانی خان بہادر مولوی خدا بخش خاں مرحوم کی اہلیہ راضیہ خاتون جمیلؔہ مرحومہ ( وفات : ۱۹۲۱ ء ) اپنے وقت کی ایک باکمال خاتون اور مایۂ ناز شاعرہ تھیں ۔ کثرتِ کلام اور کمیتِ فن کے لحاظ سے وہ نہ صرف بِہار بلکہ پورے برِ صغیر پاک و ہند کی سب سے بڑی شاعرہ تھیں ۔ شعر و سخن کی مختلف اصناف حمد و نعت ، غزل و مثنوی اور منقبت و رباعی پر قدرت رکھتی تھیں ۔ ان کی شعری و ادبی خدمات قابلِ قدر اور لائقِ رشک ہونے کے ساتھ باعثِ حیرت بھی ہیں ۔ انہوں نے اپنی محنت و جاں فشانی سے اردو شاعری کے سرمایے میں وقیع اضافہ کیا ہے ۔ آٹھ ضخیم دیوان اور دو مجموعۂ مثنوی تخلیق کرنے والی اس جلیل القدر شاعرہ نے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ دبستانِ عظیم آباد کی آن بان شان کہی جانے والی جمیلؔہ ۱۸۶۱ ء میں کلکتہ ، بنگال میں پیدا ہوئیں ۔ ان کے والد کا نام مولوی کبیر الدین تھا ۔ شروع میں راضؔیہ اور خاتؔون تخلص کرتی تھیں ، لیکن بعد میں اپنے پیر و مرشد حضرت شاہ مرشد علی جمال قادری علیہ الرحمہ کے نام کی رعایت سے جمیلؔہ تخلص کرنے لگیں ۔ اردو